پنجاب میں نئے سیاحتی مقامات متعارف کرائے جارہے ہیں:وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب میں نئے سیاحتی مقامات متعارف کرائے جارہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پرویزالہیٰ نے سیاحت کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی خوبصورتی، مذہبی سیاحت اور تاریخی مقامات سے مالامال ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی یوم سیاحت منانے کا مقصد پنجاب میں سیاحت کا فروغ ہے. پنجاب میں نئے سیاحتی مقامات متعارف کرائے جا رہے ہیں.پنجاب کے سیاحتی مقامات غیر ملکی اور ملکی سیاحوں کے لئے یکساں دلچسپی کا باعث ہیں۔پرویزالہیٰ نے کہا کہ سیاحت سے نہ صرف مقامی ثقافت بلکہ معیشت بھی فروغ پاتی ہے. سیاحت کے فروغ سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع ملتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں سیاحتی مقامات میں ضروری سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی جا رہی ہے.سیاحت غیر ملکی زر مبادلہ کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔چوہدری پرویزالہیٰ نے مزید کہا کہ آیئے آج عالمی یوم سیاحت پر ہم اس امر کا اعادہ کریں کہ ہم سیاحت کو فروغ دے کر معاشی ترقی کے ثمرات نچلے طبقے تک پہنچائیں گے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج سیاحت کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ سیاحت کا عالمی دن ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کونسل کی سفارشات پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد کی منظوری کے بعد سے 1970 سے ہر سال 27 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔

اس دن کو منانے کا مقصد سیاحت کے فروغ، نئے سیاحتی مقامات کی تلاش، آثار قدیمہ کو محفوظ بنانے، سیاحوں کے لیے زیادہ سے زیادہ اور جدید سہولیات پیدا کرنے، سیاحوں کے تحفظ ، نئے سیاحتی مقامات تک آسان رسائی سمیت دیگر متعلقہ امور کو فروغ دینا ہے۔

ای پیپر دی نیشن