ساہیوال‘ لاہور (نمائندگان) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام سرکاری ملازمین نے نگران حکومت کے لیو انکیشمنٹ میں کمی کا نوٹیفکیشن اور پنشنرز میں کمی کرنے اور دوسری طرف پنشن و گریجویٹی میں کمی کی بازگشت کے خلاف محکمہ انہار کے آفس سے ضلع کونسل چوک تک سینکڑوں ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مختلف شہروں میں جلسے اور ریلیاں نکالیں۔ فیصل آباد میں مظاہرے میں خواتین ملازمین کی بھی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ قبل ازیں محکمہ انہار میں ایپکا اور اگیگا نے مشترکہ طورپر احتجاجی جلسہ بھی کیا جس سے اگیگا اور ایپکا کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی ذمہ داران نے خطاب کیا۔ بعد ازاں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مرکزی سینئر نائب صدر اور ڈویژن صدر چوہدری ذوالفقار علی کاہلوں، صوبائی صدر شفقت رسول سندھو، صوبائی نائب صدور عرفان خان، میاں شہزاد اختر، وائس چیئرمین ایپکا پنجاب میاں مقصود احمد، سینئر نائب صدر میاں عبدالوہاب، سرپرست اعلیٰ عامر محمود اعوان، سینئر نائب صدر رانا یاسر خورشید، جنرل سیکرٹری محمد افضل، سرپرست ناظم حسین گجر، سینئر وائس ڈویژنل صدر محمد عمران بٹ، صداقت بلوچ، دلاور حسین رندھاوا، رانا آصف شہزاد، ڈویژنل نائب صدر میاں محمد عثمان اور دیگر نے خطاب کیا۔ چوہدری ذوالفقار علی کاہلوں نے کہا کہ حکومت نے ملازمین کو زندہ درگور کر دیا ہے۔ ہر سطح پر احتجاج کیا جائے گا اور جلد لاہور میں مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق گورنمنٹ گریجویٹ کالج ساہیوال کا تدریسی اور غیر تدریسی سٹاف نے بھی اگیگا کے احتجاج میں بھرپور شرکت کی۔ گورنمنٹ گریجویٹ کالج ساہیوال میں پپلا کی مرکزی قیادت سے پروفیسر شفیق بٹ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری بلال باجوہ، کالج صدر چودھری ارشد، جنرل سیکرٹری عظیم سومرو اور پروفیسر شیخ عابد نے احتجاج کی قیادت کی جبکہ غیر تدریسی عملہ کی قیادت مبشر رحمان اور شہباز حیدر کر رہے تھے۔ احتجاج کے دوران کلاسز اور دفاتر کا بائیکاٹ کیا گیا اور ریلی نکالی گئی۔ منڈی بہاﺅالدین سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پنجاب ٹیچرز یونین کی اپیل پر ضلع بھر میں تعلیمی بائیکاٹ کیا۔ اس سلسلہ میں تین نہری پل سے ڈی سی آفس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پی ٹی یو کے ضلعی صدر ڈاکٹر محمد نواز انجم نے کی۔ ریلی سے شمیم وڑائچ، طارق محمود بھٹی ملکوال، عدنان محمود چوہدری، محمد ارشد ڈڈ، منشا گوندل، ولایت تارڑ، پیرزادہ امتیاز شاہ، ملک محمد اکرام، مدثر حسن بخاری، شاہد رسول نسیم، پروفیسر فاروق احمد نے بھی خطاب کیا۔ سرگودھا سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سرکاری ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال اور دفاتر کی تالا بندی کر کے احتجاجی مظاہرے کئے۔ سرگودھا میں احتجاجی ملازمین نے اندرون شہر میونسپل کارپوریشن سے ریلی نکال کر اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کرتے ہوئے نگران حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔