کراچی اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ نوائے وقت) نیب آرڈیننس ترمیم کالعدم قرار دیئے جانے کے فیصلے پر عملدرآمد شروع ہو گیا۔ ڈاکٹر عاصم و دیگر کے خلاف 17 ارب آپریشن کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیئے گئے۔ احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم سمیت آٹھ ملزمان کو سات اکتوبر کو طلب کر لیا۔ عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ستمبر کو نیب ترامیم کالعدم قرار دے دی ہیں۔ ملزمان کیخلاف دائر ریفرنس اب بحال ہو چکا ہے۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو طلب کر لیا۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے اسحاق ڈار کو طلبی کا سمن جاری کرتے ہوئے سماعت10 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ نیب ترمیم کے بعد مذکورہ ریفرنس کو عدالت نے بند کر دیا تھا اور اس کا ریکارڈ پہلے سے ہی عدالت میں موجود تھا۔
نیب عدالت نے اسحاق ڈار، ڈاکٹر عاصم سمیت 8 ملزموں کو طلب کر لیا
Sep 27, 2023