تمام جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کا مساوی حق، نگران حکومت

Sep 27, 2023

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) نگران حکومت نے واضح کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین اور مروجہ انتخابی قوانین کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات میں حصہ لینے کا مساوی حق حاصل ہے، نگران وزیراعظم کے ایسوسی ایٹڈ پریس کو دیئے گئے انٹرویو میں ریمارکس کو غلط رپورٹ کیا گیا۔ وزارت اطلاعات نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو دیئے گئے انٹرویو کے اصل متن کا حوالہ دیا جس سے ظاہر ہوتا ہے نگران وزیراعظم واضح طور پر یہ تجویز کر رہے تھے انتخابات میں حصہ لینا ایک حق ہے لیکن جرائم پر سزا قانونی طور پر جائز ہے۔ وزارت اطلاعات نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا انٹرویو کے ایک حصہ کو توڑ مروڑ کر یہ تاثر دیا گیا کسی مخصوص شخص کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔ وزارت اطلاعات نے وزیراعظم کے انٹرویو کے متن کی طرف توجہ مبذول کرائی جس میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ”ہم کسی سے ذاتی انتقام نہیں لے رہے لیکن اس امر کو یقینی بنائیں گے قانون سب سے اہم ہے، چاہے چیئرمین پی ٹی آئی ہو یا کوئی اور سیاستدان، کوئی بھی ملکی قوانین کی خلاف ورزی کرے گا تو اس پر قانون لاگو ہوگا، ہم اسے سیاسی تفریق کے مترادف قرار نہیں دے سکتے۔ انہوں نے کہا شفاف انتخابات چیئرمین پی ٹی آئی یا ان کی پارٹی کے ا±ن ارکان کے بغیر بھی ہو سکتے ہیں جو جیلوں میں ہیں کیونکہ وہ چیئرمین پی ٹی آئی کی مئی میں گرفتاری کے بعد توڑ پھوڑ اور جلاﺅ گھیراﺅ سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا چیئرمین پی ٹی آئی کی پارٹی کے ہزاروں لوگ جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں وہ سیاسی عمل اور انتخابات میں حصہ لیں گے۔“ وزارت اطلاعات نے اپنے بیان میں اس بات کا اعادہ کیا پی ٹی آئی اور اس کے رہنما کسی بھی دوسری جماعت کی طرح انتخابات میں حصہ لینے کے لئے آزاد ہیں۔ یہ واضح کیا گیا ہے مجموعی طور پر پی ٹی آئی یا پارٹی کے کسی بھی رہنما کے الیکشن لڑنے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہر شہری قانون کے سامنے برابر ہے اور قانونی الزامات کا سامنا کرنے والے کسی بھی فرد کے حوالے سے قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ عدلیہ آزاد اور خودمختار ہے اور نگران حکومت کے پاس نہ تو عدالتوں پر اثر انداز ہونے کا کوئی اختیار ہے نہ ارادہ۔ مزید واضح کیا جاتا ہے کوئی شخص قانونی یا عدالتی فورم کے کسی حکم یا فیصلے سے متاثر ہوا ہے تو اسے ریلیف کے لئے اگلے عدالتی فورم سے رجوع کرنے کا آئینی طور پر ضمانت شدہ حق حاصل ہے۔ نگران حکومت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے پرعزم ہے۔ نگراں حکومت انتخابات کے انعقاد کے لئے آئینی اور قانونی ڈھانچے کی حمایت کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی الیکشن کمیشن آف پاکستان اور آزاد عدلیہ کے تمام احکامات اور ہدایات پر مکمل عمل کیا  جائے۔

مزیدخبریں