اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی سے منگل کو روس کی نائب وزیر اطلاعات بیلا چریکسووا نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور روس کے ذرائع ابلاغ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے روس کے ساتھ مشترکہ پروڈکشن اور تربیتی پروگرامز کے آغاز پر زور دیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے روسی نائب وزیر اطلاعات کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی۔ اس پر روسی نائب وزیر اطلاعات نے کہا کہ روس میں پاکستانی ڈراموں کو خاص مقبولیت حاصل ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین ڈراموں اور دیگر پروڈکشن کے تبادلہ پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ نگران وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے خطے کے امن کے لئے روس کی خدمات کو سراہا۔ مرتضیٰ سولنگی نے ثقافتی وابستگی کو فروغ دینے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کی میڈیا تنظیموں کے درمیان مشترکہ پروڈکشنز اور دستاویزی فلموں کی تیاری سمیت مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن کی حیثیت سے پاکستان میڈیا تعاون کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، مشترکہ پروڈکشنز رکن ممالک کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گی اور رکن ممالک ایک دوسرے کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہو سکیں گے۔ منگل کو شنگھائی تعاون تنظیم کے ٹی وی فیسٹیول کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور چین اس سال سی پیک کی دسویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی میڈیا تنظیموں کو پاکستان کے ساتھ مشترکہ پروڈکشن اور دیگر منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ایس سی او کے رکن ممالک ایک دوسرے کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ اوگرا واحد ادارہ ہے جو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بارے میں اعلان کرتا ہے۔ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قیاس آرائیوں کا حصہ نہیں۔
مرتضیٰ سولنگی سے روسی نائب وزیر اطلاعات کی ملاقات، ذرائع ابلاغ میں تعاون کے فروغ کا عزم
Sep 27, 2023