لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر قیادت سینئرپولیس افسران کے وفد کی چین میں سرکاری مصروفیات، میٹنگز اور ملاقاتیں جاری ہیں جن کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے چینی سیاحتی ٹور آپریٹرز اور سرمایہ کاروں کےساتھ اہم ملاقات کی اور چینی ٹور آپریٹرز اور انویسٹرز کو صوبہ پنجاب میں غیر ملکی شہریوں کے سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان سرمایہ کاری کےلئے سازگار ماحول اور خوبصورت سیاحتی مقامات سے مالا مال محفوظ ملک ہے، بین الاقوامی سرمایہ کاری اور پراجیکٹس کیلئے پاکستان میں سکیورٹی صورتحال مکمل طور پر اطمینان بخش ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ چینی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں نئے پراجیکٹس شروع کرنے میں مکمل پر امن ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ چینی ٹور آپریٹرز اور سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سکیورٹی صورتحال پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے حفاظتی انتظامات کو قابل ستائش قراردیا۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ چینی ٹور آپریٹرز اور سرمایہ کار دو طرفہ تعاون کو حتمی شکل دینے کیلئے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے ۔