مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبرکو لاہور پہنچیں گے ، ہماری الیکشن مہم کا آغاز مینارِ پاکستان سے ہوگا، کسی بھی سیاسی جماعت اور لیڈر کو الیکشن سے پہلے اور بعد میں نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبرکو لاہور پہنچیں گے اور اس کے بعد وہ مینارِ پاکستان جائیں گے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہماری الیکشن مہم کا آغاز مینارِ پاکستان سے ہوگا، مینارِ پاکستان پر جلسہ ہوگا جس سے نواز شریف خطاب کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کے خلاف جتنے بھی کیسز ہیں وہ جھوٹ پر مبنی ہیں۔ آج ملک جس حال میں ہے وہ اس سازش کی وجہ سے ہے جو نوازشریف کے خلاف کی گئی، 2018 میں جب 25 جولائی کو الیکشن ہوئے تو نواز شریف کہاں تھے؟۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کو اقامہ میں نا اہل کیا گیا، سینیٹ میں ہمارے سینیٹرز کو دوہری شہریت کی بنا پر نا اہل قرار دیا گیا، یہ سب کچھ آن ریکارڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنانے کے حق میں نہیں ہیں لیکن اگر کوئی جماعت یا لیڈر ملکی دفاع پر چڑھ دوڑے، شہدا کے مجسموں کی بے حرمتی کرے تو کیا اس پر کیس اس لیے نہیں چلنا چاہیے کہ اس نے الیکشن لڑنا ہے؟۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما نے گزشتہ روز کہا تھا کہ نواز شریف نے 21 اکتوبر کو ایئر پورٹ سے کہاں جانا ہے یہ وزیرِ داخلہ نہیں عوام کا فیصلہ ہو گا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیس بنا کر ملک اور عوام کے ساتھ دشمنی کی گئی، نواز شریف ہمیشہ کی طرح عدالتوں میں قانون کے مطابق تقاضے پورے کریں گے۔