ایشین گیمز میں کرکٹ کے ایونٹ میں نیپال نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔ نیپال نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا، نیپال نے منگولیا کے خلاف 3 وکٹوں پر 314 رنز بنائے۔نیپالی ٹیم کے کوشال مالا نے 50 گیندوں پر ناقابلِ شکست 137 رنز بنائے جبکہ دیپندرہ سنگھ نے 10 گیندوں پر 52 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، کپتان روہت پاؤڈل نے 27 گیندوں پر 61 رنز اسکور کیے۔اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں افغانستان کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ تھا۔افغانستان نے فروری 2019ء میں آئر لینڈ کے خلاف میچ میں 3 وکٹوں پر 278 رنز بنائے تھے۔اس میچ میں نیپالی کھلاڑیوں نے بھارتی کھلاڑیوں کے ریکارڈز بھی توڑے۔میچ میں دیپندرہ سنگھ نے 9 گیندوں پر 50 رنز بنائے، انہوں نے بھارت کے یووراج سنگھ کا تیز ترین ففٹی بنانے کا ریکارڈ توڑا، یووراج سنگھ نے2007ء کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے خلاف 12 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی۔کوشال مالا نے 34 گیندوں پر تیز ترین سنچری بنا کر بھارت کے روہت شرما اور جنوبی افریقا کے ڈیوڈ ملر کو پیچھے چھوڑا۔یاد رہے کہ روہت شرما اور ڈیوڈ ملر نے 35 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔