یکم اکتوبر سے بگ کیچ اپ ایکٹیویٹی کاآغاز کیا جارہا ہے:ڈپٹی کمشنر 

Sep 27, 2024

حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر عبد الرزاق نے کہاہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے بچو ں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کے لیے یکم اکتوبر سے بگ کیچ اپ ایکٹیویٹی کاآغاز کیا جارہا ہے جس میں پانچ سال تک کی عمر کے ایسے تمام بچے جو کسی وجہ سے حفاظتی ٹیکہ جات نہیں لگوا سکے انہیں مختلف بیماریوں سے بچائو کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جائینگے ۔ اس سلسلہ میں محکمہ کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ،ایسے والدین جو اپنے بچوں کو ماضی میں کسی وجہ سے حفاظتی ٹیکے نہیں لگوا سکے وہ اس مہم کے دوران اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں تا کہ انکے بچے خطر ناک اور مہلک بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔اس مہم کو کامیا ب بنانے کے لیے مقامی علمائے کرام اور سول سوسائٹی کے دیگر سرکردہ افراد بھی محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں اور بالخصوص علمائے کرام شہریوں میں اس مہم کے حوالے سے خصوصی آگاہی فراہم کریں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار محکمہ صحت کی جانب سے بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر فائق علی تارڑ ، فوکل پرسن و ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر ظہیر احمد سمیت مقامی علمائے کرام ،محکمہ تعلیم،پی ایچ ایف ایم سی ،پاپولیشن ویلفیئر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے ۔

مزیدخبریں