لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی مشاورتی اجلاس اور ممبر سازی مہم میں لاہور ضلع غربی میں 7 عوامی جلسوں، ممبر سازی کیمپوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہوسِ اقتدار اور بالادستی میں آئین، جمہوریت، پارلیمانی، اخلاقی اور قانونی اقدار کو دفنایا جارہا ہے۔ سیاسی جماعتوں نے خود اپنی پارٹیوں میں جمہوریت مستحکم نہیں کی اور اپنے ہی دستور پر عمل نہ کرکے صرف اپنے پارٹیوں کیلئے ہی مشکلات پیدا نہیں کیں بلکہ سٹیبلشمنٹ کو پوری طاقت سے بالادستی قائم رکھنے کے ہر حربہ کیلئے ریڈ کارپٹ بچھایا ہے۔ سٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کا ٹکراؤ اور فارم 47 کی بنیاد پر جعلی جیت کیساتھ مرہونِ منت حکومت، پارلیمنٹ سٹیبلشمنٹ کی تابع فرمان بنی ہوئی ہے۔