لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یا رسول اللہ ؐو تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام محمدی پوری لاہور میں میلاد خاتم المعصومینؐکانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت حضرت پیر سید عاکف شاہ نے کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا رسول اکرمؐ نے ہمیشہ کیلئے شرک کی جڑیں کاٹ دیں۔ آپؐ کی امت آخری امت اور امت توحید ہے۔ مکہ مکرمہ فتح ہونے کے بعد شیطان ہمیشہ کیلئے جزیرہ عرب میں شرک سے مایوس ہو گیا۔ امت مسلمہ پر لازم ہے کہ عقیدہ توحید و رسالت پہ ہمیشہ پہرا دیتی رہے۔ حضرت محمد مصطفیؐنے جنت کی طرف جانے کا ہر راستہ اور جہنم سے بچنے کا ہر طریقہ بتا دیا۔ آپؐ کی ولادت دنیا میں ایسی ولادت تھی جس نے پھر کسی نبی کی ولادت کی گنجائش ہی نہیں رہنے دی۔ اس لیے آپؐ کی ولادت تمام انبیاء کی ولادتوں سے بھی منفرد ولادت تھی۔ رسول اکرمؐچونکہ آخری نبی ہے اس لیے ان تمام صدیوں میں روشنی آپؐ کی ولادت سے ہے۔