لاہور،بھیرہ (سٹاف رپورٹر+نامہ نگار) پولیس مقابلے میں ایلیٹ فورس کا اہلکار جاں بحق ہو گیا جبکہ دو اشتہاری ہلاک ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نواحی قصبہ ویرووال کے 2 اشتہاریوں ثقلین اور احسان نے کچھ عرصہ قبل فائرنگ کر کے تھانہ میانی کے کانسٹیبل محسن عباس کو شہید کر دیا تھا جبکہ انسپکٹر شاہد ہرل ٹانگ سے محروم ہو گیا تھا۔ قتل، ڈکیتی، راہزنی اور دیگر 12 سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم ثقلین اور 15 مقدمات میں مطلوب احسان نے جعلی شناختی کارڈ بنوا رکھے تھے۔ کلر کہار کے گاؤں راہنہ سادات کے جنگل میں ہونے والے اس پولیس مقابلہ میں ہلاک ملزمان کے ساتھیوں شعیب رحمان اور ظفر کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ دریں اثناء ایلیٹ فورس کے شہید جوان طاہر رضا شاہ کی نماز جنازہ پولیس لائن چکوال میں ادا کی گئی جس میں آر پی او، کمشنر، ارکان قومی صوبائی اسمبلی سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید کو اس کے آبائی گاؤں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔