لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے جمعرات کو منصورہ میں قائدین جماعت اسلامی کے آن لائن ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں مرکزی و صوبائی اور بڑے شہروں کی قیادت نے شرکت کی۔ امیر جماعت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 29 ستمبر اتوار کو پورے ملک کی اہم شاہراہوں پر دھرنے دے گی۔ حکومت نے راولپنڈی معاہدہ پر عملدرآمد نہیں کیا اور میڈیا کے سامنے قوم کے سامنے غلط بیانی کی۔ بجلی کی اصل پیداواری لاگت کے مطابق پورے ملک میں یکساں ٹیرف نافذکیا جائے۔ اسی طرح آئی پی پیز معاہدوں کوبھی ختم کیا جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا جماعت اسلامی بجلی کے بلوں کے بائیکاٹ پر ریفرنڈم کرائے گی۔ اکتوبر میں پہیہ جام ہڑتال اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے آپشن بھی زیرغور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 23سے 27 اکتوبر تک پانچ روز تک عوامی ریفرنڈم ہوگا۔ انہوں نے 7اکتوبر کو غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں ہفتہ یکجہتی فلسطین و لبنان منانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اہل فلسطین و لبنان کے حق میں گھروں سے نکلیں اور پرامن احتجاج کریں۔ امیر جماعت نے کہا حکومت جعلی مینڈیٹ سے بنی مگر اب جب کہ یہی لوگ مسلط ہیں تو عوامی ریلیف کے حصول کے لیے انہیں ہی مجبور کیا جائے گا۔