پی ٹی آئی وفد کی فضل الرحمن سے ملاقات، آئینی ترامیم کا مسودہ مشترکہ تیار کرنے کا فیصلہ 

Sep 27, 2024

اسلام آباد؍ لاہور (خبرنگار؍نوائے وقت رپورٹ)  جمعیت علماء  اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے پی ٹی آئی کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سلمان اکرم راجہ، صاحبزادہ حامد رضاء، اخونزادہ حسین شامل تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ملاقات میں جے یو آئی ف کے سینیٹر کامران مرتضیٰ بھی موجود تھے جس میں آئینی ترمیم کے مسودے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سلمان  اکرم اور کامران مرتضیٰ مل کر مشترکہ طور پر آئینی ترامیم کا مسودہ تیار کریں گے۔ مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ فضل الرحمن نے حکومت کو ووٹ دینے پر کسی قسم کی آمادگی ظاہر نہیں کی ہے۔ اس موقع پر صاحبزادہ حامد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمن نے دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ وہ عوام کے خلاف کسی اقدام کا حصہ نہیں بنیں گے۔ علاوہ ازیں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات ہوئی۔ ملک کی بدلتی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا، مولانا کے آئینی ترمیم کے حوالے سے کردار کو سراہا۔  ملک کے بدلتے سیاسی منظر نامے پر تبادلہ خیال ہوا۔ طلحہ سعید نے مولانا کے سیاسی فہم و فراست اور آئینی ترمیم کے حوالے سے اہم کردارکو بھی  سراہا۔ اس موقع پر  چودھری شفق الرحمن وڑائچ اور جماعت کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں