صوابی : تھانے میں متعدد دھماکے ‘ عمارت تباہ ‘ ایک اہلکار‘ راہگیر بچہ شہید ‘ 33زخمی 

Sep 27, 2024

صوابی (نوائے وقت رپورٹ)  صوابی میں سٹی تھانے کے اندر زور دار دھماکہ ہوا  جس کے نتیجے میں عمارت زمین بوس ہوگئی جبکہ ایک اہلکار اور ایک راہگیر بچہ شہید اور 33 افراد زخمی ہوئے ہیں۔  ذرائع کے مطابق دھماکہ  تھانہ صوابی سٹی کے مال خانے میں  ہوا  ۔ذرائع کا کہنا ہے مال خانے میں دہشت گردوں سے برآمد ہونے والا بارودی مواد شارٹ سرکٹ کے باعث دھماکے سے پھٹ گیا اور متعدد دھماکے ہوئے ۔دھماکے کے بعد باچاخان میڈیکل کمپلیکس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، زخمیوں  میں 2 کی حالت نازک ہے۔ضلعی پولیس آفیسر نے کہا  دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے جبکہ اس کے باعث عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ واقعے کے بعد جائے وقوعہ پر ریسکیو رضاکار اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچ گئیں جبکہ سکیورٹی کو ہائی الرٹ بھی کردیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں