میاں چنوں ( نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری غلام حیدر وائیں شہید نے ساری زندگی انسانیت کی خدمت میں بسر کی پاکستان مسلم لیگ ن کی جو خدمات غلام حیدر وائیں نے کی وہ کوئی دوسرا نہ کر پایا۔ غلام حیدر وائیں شہید ایک اچھے مسلمان اور اول تا آخر مسلم لیگی تھے، شہید نے میاں چنوں میں تعلیم، شعور، صحت اور دیگر تمام شعبوں میں بے مثال ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جن سے میاں چنوں ہی نہیں بلکہ ضلع بھر کی عوام مستفید ہوتی ہے۔ میں رب کریم کی شکر گزار ہوں کہ مجھے ایسے درویش صفت سچے، کھرے اور مخلص انسان کی رفاقت میسر آئی۔ ان خیالات کا اظہار غلام حیدر وائیں شہید کی بیوہ سابق ایم این اے بیگم مجیدہ وائیں نے شہید کی میاں چنوں میں 31 ویں برسی کی تقریب سے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم این اے پیر محمد اسلم بودلہ نے کہا مسلم لیگ ہی ساری زندگی غلام حیدروائیں کا اوڑھنا بچھونا رہی۔ انہوں نے کہا جس طرح وائیں شہید کی شہادت کے بعد بیگم مجیدہ وائیں اور ڈاکٹر غزالہ وائیں نے مسلم لیگ ن کا ساتھ نبھایا۔ جماعت اور قیادت کو چاہیے تھا کہ وہ وائیں شہید کی جانشین غزالہ شاہین وائیں کو مخصو ص نشست پر ایم پی اے بناتے، بدقسمتی سے غزالہ وائیں کو محروم رکھ کر نظریاتی کارکنان کی دل آزاری کی گئی۔ جانشین غلام حیدر وائیں شہید ڈاکٹر غزالہ وائیں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم وائیں شہید کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے زندگی کی آخری سانس تک نظریہ پاکستان کے فروغ، پاکستان مسلم لیگ ن کے استحکام کیلئے کوشاں رہیں گے۔ غزالہ شاہین وائیں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سے محبت اور میاں برادران سے عقیدت ہماری پرورش میں شامل ہے ہم ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ کی طرح اب بھی اپنی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ برسی سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے کہا کہ میاں چنوں کی عوام تین دہائیاں گذر جانے کے باوجود آج بھی وائیں شہید کے قتل پر سوگوار اور رنجیدہ ہیں۔
غلام حیدر وائیں کی 31 ویں برسی، سچے مسلم لیگی تھے: مجیدہ وائیں
Sep 27, 2024