وائس چانسلرز روکنے کی وجوہات بتا دیں، گورنر: مریم نے الزام نہیں لگایا: عظمیٰ بخاری 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ حکومتی کشتی ڈوبے یا تیرتی رھے، ہم ساتھ ہیں۔ ہم اتحادی حکومت کا حصہ ہیں، میثاق جمہوریت پر بی بی شہید اور نواز شریف  نے دستخط کر رکھے ہیں۔ ہمارا واحد کنسرن یہ ہے کہ آئینی پیکج پر عمل کر کے چارٹر آف ڈیمو کریسی کو مکمل کیا جائے۔ وائس چانسلرز کی تقرری پر کوئی ذاتی جھگڑا نہیں، صوبائی حکومت کی سمری کے جواب میں ساری وجوہات بتا دی ہیں۔ وہ پیپلز پارٹی لاہور کے زونل صدر صداقت شیروانی کے داماد میاں عرفان وقار کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد چودھری اسلم گل اور حاجی عزیز الرحمن چن کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب اور میڈیا کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔ قبل ازیں گورنر پنجاب پیپلز پارٹی کے رہنما جاوید الیاس بٹ سے ان کی والدہ، میاں خالد کے صاحبزادوں سے ان کے والد اور رانا اشعر نثار سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت کیلئے ان کے گھروں میں گئے، اس موقع پر میاں زبیر سعید، کاشف سعید، میاں زین خالد، میاں منظور احمد، میاں شبیر، شکیل میر چنی، شیخ عرفان، شہباز درانی، رانا نیر نثار، نورین سلیم، عاطف کمبوہ، حافظ نعمان، عمر ایاز، میاں فیروز خالد,انجم بٹ، رانا محمد منشاء، شعیب شیروانی، رانا ذوالفقار،  حسن شیروانی، میاں وقار، عمران پال، نعمان یوسف، وقاص باکسر، ماہ عالم، وسیم قادری، طارق کمبوہ بھی موجود تھے۔ گورنر نے کہا کہ جو وائس چانسلر ن لیگ نے تعینات کئے ان پر کرپشن کے چارجز ہیں۔ میری کوئی خواہش نہیں کسی کو وائس چانسلر لگائوں، جو نام حکومت میں بھیجے کیا صرف وہی لوگ ہیں  جامعات میں وہ وائس چانسلر لگنے چاہیے جو ہمارے مستقبل کو ایک قوم بنا سکے۔ علاوہ ازیں وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پہلی مرتبہ وائس چانسلرز کی تعیناتی کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا۔ بچوں کے مستقبل کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہیے نہ اس پر سیاست کرنی چاہئے۔ عظمیٰ بخاری نے وزیراعلٰی پنجاب کے گورنر پنجاب سے منسوب بیان کی تردید کی اور کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز نے گورنر پنجاب سے متعلق اپنی مرضی کے وائس چانسلر لگانے کا کوئی بیان نہیں دیا۔ مریم نواز نے کہا ہے بچوں کے مستقبل کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہیے نہ اس پر سیاست کرنی چاہیے۔ مریم نواز نے پہلی مرتبہ شفاف طریقے سے وائس چانسلرز کی تعیناتی کا عمل مکمل کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن