اسلام آباد+ نیویارک (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے سے ملکی معیشت مزید مستحکم ہوگی، باتیں ہو رہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا، آئی ایم ایف کو لیٹر بھی لکھے گئے مگر آج سارے اشاریے مثبت ہیں، مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آنا خوش آئند ہے، وزیراعظم کی عالمی رہنمائوں سے ملاقاتوں کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو یارک میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھی ریکارڈ ترسیلات زر ہوئیں، موجودہ دور میں پاکستان کی خارجہ پالیسی بھی بہتر ہورہی ہے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ ڈالر کی سمگلنگ روکنے سے روپیہ مستحکم ہوا، مہنگائی سنگل ڈیجٹ پر آنا خوش آئند ہے۔ کوئی سیاسی جماعت اور قیادت پاکستان سے بڑی نہیں ہے لیکن اگر کوئی یہ کہے کہ فلاں نہیں تو پاکستان نہیں یہ قابل قبول نہیں ہے، تعمیری تنقید کی باری آتی ہے تو ہم حاضر ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم کا سلامتی کونسل سے خطاب اہم ہوگا۔ فلسطین کاز پاکستان کا کاز ہے جس کے لیے ہر جگہ آواز اٹھائیں گے۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا پاکستان فلسطین کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھے گا، پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ ہے اور رہے گا، اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کی قائداعظم کی پالیسی پر کاربند ہیں، لبنان پر اسرائیلی جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ افغانستان سے پاکستان کے خلاف دہشتگردی ہوگی تو اس پر بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کو واپس لانے کی پالیسی غلط تھی، اس کے اثرات خیبر پختونخوا میں نظر آرہے ہیں، امریکا نے کیا ڈیمانڈ کی تھی کہ جس کے جواب میں ابسولوٹلی ناٹ کہا گیا تھا۔ وزیر اطلاعات نے کہا بنگلادیش کے ساتھ تعلقات بحال ہو رہے ہیں اور پی آئی اے کی بڈنگ براہ راست نشر کی جائے گی۔ ایکس کی بندش سے متعلق عطا تارڑ نے کہا کہ معاملہ عدالت میں ہے، عبوری حکومت نے عدالت میں جواب جمع کرایا تھا کہ ایکس پر فحش مواد کو کھلی چھوٹ ہے جبکہ انٹر نیٹ خلل کا مسئلہ چار 5 دن آیا تھا جو اب حل ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علیحدگی پسند تنظیمیں یہاں فعال ہیں، پاکستان کی سالمیت کا معاملہ ہے جس پر وزارت داخلہ کو خدشات ہیں۔