اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے )الشفاء ٹرسٹ کے صدرمیجر جنرل (ر) رحمت خان نے کہا ہے کہ گزشتہ تین سال میں الشفاء آئی کینسر سنٹر نے آئی کینسر سے متاثرہ بچوں کے اڑھائی ہزار سیشن کئے ہیں۔ یہ ملک کا واحد ہسپتال ہے جہاں بچوں کے آنکھوں کے کینسر کی تشخیص سے لے کر کیموتھراپی اور بحالی تک تمام مراحل ایک ہی جگہ سر انجام دئے جاتے ہیں۔ الشفائٹرسٹ آئی ہاسپٹل میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ مہنگا ترین علاج ہے جس کے لئے وہ ڈونرز کے شکر گزار ہیں۔ مخیر خواتین و حضرات لاکھوں افراد کو معاشرے کا کار آمد فرد بنانے کیلئے کیموتھراپی کے اخراجات برداشت کر رہے ہیں۔ جنرل رحمت خان نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ بھی کینسر کے مریضوں کا انتہائی احتیاط اور لگن سے علاج کر رہے ہیں۔بینائی کی حفاظت اور بحالی ایک عظیم مقصد ہیاس لئے ہم مالی مشکلات کے باوجود آنکھوں کے کینسر میں مبتلا غریب بچوں کا بلا معاوضہ علاج جاری رکھیں گے۔