وزیر تجارت کا تینوں وزیراعلی کو خط ،برآمدی مسابقت پر سیس کے منفی اثرات سے آگاہ کیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے خیبر پختونخوا وزیراعلی علی امین گنڈاپور ، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ  اور  وزیراعلی بلوچستان سرفراز احمد بگٹی سے انفراسٹرکچر سیس کے خاتمے کی درخواست کی ہے ،وزیر تجارت نے تینو ں وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کر برآمدی مسابقت پر سیس کے منفی اثرات  سے  آگاہ   کیا ۔جام کمال خان نے کہا کہ انفراسٹرکچر سیس سے برآمدات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ وزیر تجارت جام کمال خان نے وزرا اعلی کو یہ خطوط انڈسٹری اور ٹریڈ باڈیز کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات  کے بعد لکھا ،جام کمال خان کے مطابق انفراسٹرکچر سیس برآمد کنندگان کے اخراجات میں اضافہ کر رہا ہے، جو عالمی منڈی میں مسابقت کو متاثر کر رہا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ انفراسٹرکچر سیس صوبائی محصولات بڑھانے کے لیے لگایا گیا، لیکن اس کے نتائج برآمدات کے لیے نقصان دہ ہیں۔جام کمال خان نے کہا کہ . پاکستان کے 16 بڑے برآمدی شعبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد سیس کے اثرات سامنے آئے- خط میں اس بات پر زور دیا گیا کہ برآمدی مسابقت میں کمی سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔وزیر تجارت نے کہا کہ سیس  کی وجہ سے پاکستان کی کاروباری طبقوں کو موجودہ صورتحال میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے-کاروباری ماحول کو دوستانہ بنانے کی کوششیں سیس کی وجہ سے متاثر ہو رہی ہیں-  جام کمال خان کا خط میں کہناتھا  کہ مشکل اقتصادی حالات میں برامدی مسابقت بڑھانے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر دی نیشن