اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے )سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ سیکریٹری اطلاعات کے طور پر فرائض انجام دینے والے ریٹائرڈ بیوروکریٹس میں سے ہر ایک اپنی جگہ اکیڈمی کا درجہ رکھتا ہے۔ آپ لوگ نوجوانوں کی بہترین تربیت اور راہنمائی کرسکتے ہیں۔ ایک تھنک ٹینک کے طور پر کردار ادا کرتے ہوئے آپ کو شعبہ اطلاعات کے حوالے سے حکومت اور متعلقہ اداروں کی راہنمائی کرنی چاہیے۔ یہ بات انہوں نے اپنے اعزاز میں سابق سیکریٹریز اطلاعات کی طرف سے دئیے گئے ظہرانے میں کی۔ ظہرانے میں ریٹائرڈ سیکریٹری اطلاعات خواجہ اعجاز سرور، سیّد انور محمود، اشفاق گوندل، صبا محسن، عمران گردیزی، چوہدری رشید احمد، زاہد ہ پروین، شاہیرہ شاہد، سعیدہ طاہر خیلی، شفقت جلیل اور رائو تحسین علی خان نے شرکت کی۔ شرکاء نے سینیٹر عرفان صدیقی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ صحافیوں کے مسائل اور وزارتِ اطلاعات کے معاملات میں ہمیشہ ہی بہت معاون رہے ہیں۔