ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے۔ راولپنڈی، اسلام آباد میں رات گئے سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ جڑواں شہروں اور مضافات میں موسلادھار بارش سے بعض مقامات پر سڑکیں اور گلیاں تالاب کی شکل اختیار کر گئیں جس کے باعث شہریوں کو روز مرہ کے معمولات اور آمدورفت میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔ اس کے علاوہ کالاباغ، اٹک، جہلم، گجرات، خان پور، نارووال، خوشاب، دینہ، کندیاں اور چشمہ کے اطراف میں بھی تیز بارش ہوئی جس سے گرمی اور حبس میں واضح کمی آئی ہے، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، شمال مشرقی اور وسطی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی و جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جڑواں شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے
Sep 27, 2024 | 13:54