پشاورکے تھانہ متھراہ کے علاقے پیر بالا میں پولیس چوکی پرخودکش حملے میں چار اہلکار شہید جبکہ آٹھ زخمی ہو گئے۔

یہ خودکش دھماکہ آج علی الصبح پانچ بجے کے قریب اس وقت ہوا جب حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی پولیس کی بکتربند گاڑی سے ٹکرا دی۔ دھماکے کے نتیجے میں پیر بالا چوکی مکمل طور پر منہدم ہو گئی اور ملحقہ گھر بھی بری طرح متاثر ہوئے، جبکہ قریبی مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔ سی سی پی او پشاورلیاقت علی خان نے دھماکے میں چار پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ زخمیوں میں دو بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی جگہ پر کئی فٹ گہرا گڑھا پڑگیا۔ دھماکے کے بعد پشاور شہر کی اہم سرکاری عمارتوں اور دیگر مقامات پرسکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن