وزیراعلی خیبرپختونخواہ امیرحیدرخان ہوتی کا کہنا ہے کہ قوم کے تعاون سے دہشتگردی کا صفایا کردیا جائے گا  

پشاورمیں پولیس چوکی پر خودکش حملے میں جاں بحق ہونیوالے چاروں اہلکاروں کی نمازجنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی  ختم ہونےکا تاثرغلط ہے اب بھی دہشت گرد موجود ہیں اوراپنے آپ کو منظم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کے خلاف جنگ جاری رہے گی ۔ سکیورٹی فورسز اور قوم کے تعاون سے اسے ختم کرکے دم لیں گے ۔ پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ میں سپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی کرامت اللہ چغرمٹی ، آئی جی پولیس سربراہ ملک نوید خان سمیت اعلیٰ  حکام نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید ہونےوالے اہلکاروں کی  میتیں ان آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں ۔ واضح رہے کہ آج صبح پانچ بجے پشاورکے تھانہ متھراہ کے علاقے پیر بالا میں پولیس چوکی پرخودکش حملے میں چار اہلکار شہید جبکہ آٹھ زخمی ہو گئے ۔ دھماکے سے پولیس چوکی مکمل طورپرمنہدم ہو گئی اور ملحقہ گھر بھی بری طرح متاثر ہوئے۔

ای پیپر دی نیشن