کوئٹہ+ سبی+شمالی وزیرستان (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) سبی میں جماعت اسلامی کے دفتر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔ شمالی وزیرستان میں آزاد امیدوار کا انتخابی آفس ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ سے تباہ کر دیا گیا جب کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی رات سبی کے علاقے جناح روڈ پر واقع جماعت اسلامی کے انتخابی دفتر پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم پھینکا جو زورداردھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں خان محمد، شایان سمیت 4افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ بم دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی پولیس ، ڈی پی او اویس احمد، کمانڈنٹ ایف سی کرنل افضال محمود سمیت دیگراعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے۔ پنجگور کے علاقے گرمکان میں نامعلوم افراد نے جمعیت علماءاسلام کے رہنما و قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 271سے امیدوار حافظ محمد اعظم کے گھر پر دستی بم پھینکا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا تاہم دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر تربت اور پسنی میں پولیس اور انتظامیہ نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیاسی رہنماﺅں کے گھروں کے باہر نصب کیاجانے والے دھماکہ خیز مواد اور دستی بم برآمد کرکے قبضے میں لے لیا۔ نیشنل پارٹی کے رہنماءکہدا بلوچ کے گھر کے باہر نامعلوم افراد نے تخریب کاری کی غرض سے تین دستی بم رکھے ہوئے تھے انتظامیہ نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر انہیں ناکارہ بنا کر قبضے میں لے لیا اسی طرح تربت کے علاقے میں قبائلی رہنماءدر جان کے گھر کے باہر سلنڈرپڑا ہوا تھا جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر مذکورہ گیس سیلنڈر کو چیک کیا تو اس میں دھماکہ خیز مواد نصب تھا۔ شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ میں این اے 40 سے آزاد امیدوار عاقل خان کے انتخابی دفتر کے ریموٹ کنٹرول بم نصب کیا گیا تھا جو دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے سے دفتر کے قریب کئی دکانوں کو بھی نقصان ہوا تاہم حملے میں کسی جانی ومالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے سبی میں جماعت اسلامی کے انتخابی دفتر پر دستی بم کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشتگردی کی یہ کاروائیاں انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے۔ ثنا نیوز کے مطابق نوشہرہ میں مسلم لیگ (ن) کے انتخابی دفتر پر فائرنگ سے مسلم لیگ (ن) کارکن شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسکی حالت تشویشناک ہے۔ ادھر صوابی میں اے این پی کے امیدوار اسلام خان کے قافلے پر فائرنگ کے نتیجہ میں گولیاں لگنے سے اسلام خان کے بھائی شدید زخمی ہو گئے۔
سبی: جماعت اسلامی کے دفتر پر بم حملہ نوشہرہ میں مسلم لیگ (ن) کے انتخابی آفس پر فائرنگ، 5افراد زخمی میرانشاہ میں آزاد امیدوار کا دفتر تباہ
Apr 28, 2013