لاہور (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگاران) خادم پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے پنجاب نے پانچ سال تک پیپلز پارٹی کی انتقامی کارروائی کی سزا بھگتی ہے اور اب بدقسمتی سے جب اس سے نجات کا وقت قریب آیا ہے تو سیاست کے نووارد کھلاڑی اسے عوام پر دوبارہ مسلط کرنے کے لئے اس کے آلہ¿ کار بن چکے ہیں۔ وہ ضلع ننکانہ میں مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا میں نے وسطی پنجاب کا طوفانی دورہ کیا ہے۔ میں نے دیہات ، قصبوں، شہروں ہر جگہ نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی فتح کے پرچم لہراتے دیکھے ہیں۔ آئندہ الیکشن میں ہم اکثریت سے جیتیں گے اور مسلم لیگ (ن) اور اس کے مخالفین کے ووٹوں میں اتنا فرق ہو گا کہ دنیا دنگ رہ جائے گی۔ انہوں نے کہا ہم پہلے پاکستانی اور پھر پنجابی ہیں لیکن ہمیں حقوق کا تحفظ کرنا آتا ہے۔ پنجاب میں لوڈشیڈنگ کے ذریعے عوام سے جو زیادتی کی گئی ہے ہم اس کے ازالے کو یقینی بنائیں گے اور اس زیادتی کے ذمہ داروں کو اس کا حساب دینا پڑے گا۔ عمران خان کی کلین چٹ زرداری اور اس کے حواریوں کو اپنے انجام سے نہیں بچا سکے گی۔ عمران خان نے لوڈشیڈنگ میں زرداری کو بے قصور قرار دے کر پنجاب کے غریب اور لوڈشیڈنگ کے ستائے ہوئے عوام کے زخموں پر نمک چھڑکا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی وہ نواز شریف کے ووٹوں کو تقسیم نہ ہونے دیں اور ایسی تمام سازشیں ناکام بنا دیں۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق شہباز شریف نے چند گھنٹے کے نوٹس پر ضلع ننکانہ صاحب کے تین قومی اور دو صوبائی حلقوں کا طوفانی دورہ کر کے عوام کو حیرت میں ڈال دیا۔ شہباز شریف بائی روڈ سب سے پہلے قصبہ واربرٹن میں چوہدری بلال احمد ورک کے اجتماع میں پہنچے جس کے بعد وہ موڑکھنڈا میں مہر کاشف رنگ الٰہی پڈھیار اور بعد میں قصبہ بچیکی میں رانا جمیل حسن گڈ خاں کے اجتماعات میں عوام سے خطاب کیا۔ 5 بجے کے قریب وہ این اے 137سے نامزد امیدوار رائے منصب اور پی پی 172سے نامزد امیدوار ذوالقرنین ڈوگر کے اجتماع میں پہنچے۔ شہباز شریف ننکانہ صاحب پہنچے تو عوام نے ان کا جگہ جگہ پرتپاک استقبال کیا۔ بعدازاں وہ بائی روڈ مانانوالہ اور شاہکوٹ بھی گئے۔ ننکانہ صاحب میں خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا 11مئی کا سورج اندھیروں، چوروں، ڈکیتوں اور حاجیوں کی جیبیں کاٹنے والوں سے چھٹکارے کا دن ہوگا۔ عوام شیر پر مہریں لگا کر مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرائیں۔ میں انشاءاللہ تعالیٰ عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ دو سال میں ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دوں گا۔ اس موقع پر بلال احمد ورک، برجیس احمد طاہر، رائے منصب، ملک ذوالقرنین ڈوگراور رانا جمیل حسن و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا عمران خاں کو زرداری کی کرپشن نظر نہیں آتی کیونکہ وہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ملے ہوئے ہیں۔ بلا اور تیر مل کر سائیکل پر سوار ہوگئے ہیں، انشاءاللہ 11مئی کو سائیکل کا ٹائر پنکچر ہوگا اور ٹیوب پھٹ جائے گی۔ انہوں نے کہا عوام نے 11مئی کو فیصلہ درست نہ کیا تو پھر چھوٹی پارٹیاں دوبارہ اکٹھی ہونگی اور ارکان اسمبلی کی بولیاں لگیں گی اور وہ پیسے اور وزارتیں مانگیں گے جس کے ذمہ دار عوام ہوگی عوام کو چاہئے وہ ووٹوں کو تقسیم نہ ہونے دے اور صرف اور صرف شیر ببر پر مہریں لگا کر نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ وہ برسر اقتدار آکر ملک سے مہنگائی، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں اور ایک مضبوط پاکستان بنائیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق شہباز شریف نے کہا قوم 11 مئی کو ووٹ تقسیم نہ ہونے دے، جو ووٹ عمران خان کو پڑے گا وہ پیپلز پارٹی کے کھاتے میں جائے گا، عمران خان، زرداری اور ق لیگ سب کی تقریر ایک جیسی ہے۔ انہوں نے کہا آج ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی ہے، ہر روز 700 میگاواٹ بجلی پنجاب سے باہر جاتی ہے۔ مسلم لیگ ن اقتدار میں آ کر کسانوں کو ریلیف دے گی۔ مخالفین میٹرو بس کی مقبولیت کی وجہ سے خائف ہیں۔ اقتدار میں آ کر میٹرو بس جیسے منصوبے دوسرے شہروں میں بھی شروع کرینگے۔ واربرٹن سے نامہ نگار کے مطابق جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ساٹھ ارب روپے کی مشینری کراچی میں دو سال سے پڑی زنگ آلود ہو رہی ہے اور عوام کو اندھیروں میں ڈبو دیا گیا۔ جلسے کا اہتمام این اے 136 کے امیدوار چودھری بلال احمد ورک اور پی پی 173 کے امیدوار مہر کاشف رنگ الٰہی پڈھیار نے کیا تھا۔ مانگٹانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق شہباز شریف نے موڑکھنڈا میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا میرے خلاف باتیں کرنے والوں نے پنجاب کو پانچ سال تک بجلی، گیس اور پانی سے محروم کئے رکھا۔ ہم 90 روز میں میٹرو بس سروس شروع کر سکتے ہیں تو 2 برسوں میں بجلی بھی پوری کر سکتے ہیں۔ بلے باز کہتا ہے زرداری کا کوئی قصور نہیں جبکہ سپریم کورٹ بھی کہہ چکی ہے رینٹل پاور کیس میں اربوں کی کرپشن ہوئی۔ شہباز شریف نے چھتوں پر کھڑی خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا اندھیروں سے نجات پانی ہے، لٹیروں سے نجات حاصل کرنی ہے تو 11 مئی کو علی الصبح پولنگ سٹیشن پر پہنچ کر شیر پر مہر لگائیں۔ نامہ نگار کے مطابق شہباز شریف نے بچیکی میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا زر بابا اور عمران خان آپس میں مل گئے ہیں۔ 30 ہزار طلباءاور طالبات میں اجالا سکیم کے تحت سولر پینلز تقسیم کئے۔ میرے پانچ سالہ دور میں میرے خلاف کوئی ایک پائی کی کرپشن بھی ثابت نہیں کر سکتا۔11 مئی کا سورج اندھیروں، چوروں، ڈکیتوں اور حاجیوں کی جیبیں کاٹنے والوں سے چھٹکارے کا دن ہوگا۔ عوام شیر پر مہریں لگا کر مسلم لیگ(ن) کو کامیاب کرائیں۔ میں عوام سے وعدہ کرتا ہوں دو سال میں ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردوں گا۔ نامہ نگار کے مطابق شاہ کوٹ میں کارکنوں کے پرہجوم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں انشاءاللہ عوام سے کئے گئے اپنے تمام وعدے سچ کر دکھائے گی۔ مانانوالہ میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا سابق حکومت نے ملک کو اندھیروں اور مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا۔ ہم قوم کو نہ صرف اندھیروں سے نکالیں گے بلکہ ملک و قوم کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے۔ اس موقع پر سابق تحصیل ناظم شیخوپورہ چودھری محمود الحق شاہین، سابق ایم این اے چودھری بلال احمد ورک، سابق چیئرمین بلدیہ مانانوالہ مرزا محمد امین بیگ، طارق گلزار اور سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔