کراچی (نوائے وقت رپورٹ) اے این پی نے کراچی کے علاقے مومن آباد میں دھماکے پر الیکشن کمشن، نگران وزیراعلیٰ کے خلاف مقدمے کی درخواست دیدی۔ اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید نے کہا ہے کہ امیدواروں کو سکیورٹی دینا الیکشن کمشن اور نگران حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اے این پی کے امیدواروں پر قاتلانہ حملے ہو رہے ہیں۔ دہشت گردوں کے نمبر دے چکے ہیں، ادارے تحقیقات کیوں نہیں کر رہے؟ آئی جی سندھ کہتے ہیں چیف الیکشن کمشنر کا مراسلہ ہے کہ سکیورٹی واپس لیں جبکہ چیف الیکشن کمشنر کہتے ہیں ہم نے سکیورٹی واپس لینے کا نہیں کہا، دھماکے سوچی سمجھی سازش کے تحت ہو رہے ہیں۔ عوامی اجتماع نہیں کر رہے لیکن انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ ہمارا ووٹر چھریوں کی نوک پر چلتا ہوا بھی ووٹ ڈالے آئے گا۔ صرف پنجاب میں انتخابی مہم چل رہی ہے، عوام ہمیں چاہتے ہیں اس لئے ہمارا راستہ روکا جا رہا ہے۔ الیکشن کا التوا تباہ کن ہو گا۔ عمران خان، نواز شریف، شہباز شریف اور جماعت اسلامی جلسے کر رہی ہے۔ ایم کیو ایم، اے این پی اور پی پی پر قدغن لگ رہی ہے، کیا یہ ایسے انتخابات صاف اور شفاف ہیں؟ اس طرح ہونے والے انتخابات صاف اور شفاف نہیں۔
”دھماکہ“ اے این پی کی الیکشن کمشن، نگران وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف مقدمے کی درخواست
Apr 28, 2013