شہباز شریف نے چھوٹے مکانوں، کسانوں پر ٹیکس لگا دیا، ختم کرینگے: پرویز الٰہی

Apr 28, 2013

گجرات(نامہ نگار) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و قومی اسمبلی کے امیدوار چودھری پرویز الٰہی نے گجرات میں انتخابی مہم کے دوران مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کیا جہاں ووٹروں کی بڑی تعداد نے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کا عہد کیا۔ یونین کونسل کٹھالہ میں جلسہ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے جاتے جاتے ان غریب کسانوں اور چھوٹے رہائشی مکانوں کے مالکان پر ٹیکس بھی لگا دیا ہے جو ہم نے پنجاب میں اپنے دورِ حکومت میں ختم کر دیا تھا، اللہ کریم نے ہمیں موقع دیا تو ہم آتے ہی سب سے پہلے انشاءاللہ غریب عوام اور کسانوں پر سے ٹیکس دوبارہ ختم کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی چھوٹی دکانوں اور غریبوں پر ٹیکس لگانا ان کے ساتھ زیادتی ہے وہ تو بڑی مشکل سے اپنے خاندان کا پیٹ پالتے ہیں ان پر ٹیکس بھی ہم ختم کر دیں گے۔ الیکشن میں لوگ کارکردگی دیکھ کر ووٹ دیں گے یہی وجہ ہے کہ 2008ءکے الیکشن میں ہمارے خلاف الیکشن لڑنے والے ن لیگ اور دیگر جماعتوں کے امیدوار ہماری اعلیٰ کارکردگی کے پیش نظر ہماری پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین کی قیادت میں ہم نے گجرات کے علاوہ لاہور اور پورے پنجاب کے عوام کی جو خدمت کی ہمارے ناقدین اور مخالفین بھی ان فلاحی کاموں کا اعتراف اور تعریف کرنے پر مجبور ہیں، بطور وزیراعلیٰ میں نے جنوبی پنجاب سمیت صوبہ بھر میں بلاتفریق ترقیاتی کام کروائے یہ نہیں دیکھا کہ یہ حلقہ میرے ساتھی کا ہے یا مخالف کا۔

مزیدخبریں