وزیر اعظم بنا تو دائود ابراہیم کو پاکستان سے واپس لیکر آئونگا: نریندر مودی

Apr 28, 2014

نئی دہلی (آئی این پی) بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے کہا ہے کہ وزیراعظم منتخب ہوا تو دائود ابراہیم کو پاکستان سے بھارت واپس لیکر آئونگا۔ دائود ابراہیم سے متعلق سشیل کمار شندے کا بیان غیر ذمہ دارانہ اور شرمناک ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گجراتی ٹی وی چینل کو اپنے انٹرویو میں مودی نے کہا کہ دائود ابراہیم کو واپس لانے کیلئے کیا کوئی پریس نوٹ جاری کرنے کی ضرورت تھی؟ اس طرح کی باتیں میڈیا پر لانے سے کیا مقاصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ کیا امریکیوں نے اسامہ سے بات کی تھی؟ کیا امریکیوں نے اسامہ کی گرفتاری کے منصوبے سے متعلق کوئی پریس کانفرنس کی تھی؟ دوسری طرف کانگریس کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ پی چدم برم نے کہا ہے کہ حکومت دائود ابراہیم کو واپس لانے کیلئے کمانڈوز پاکستان نہیں بھجوا سکتی۔ مودی شاید اس بارے میں کوئی بہتر مشورہ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ دائود ابراہیم کراچی میں رہتا ہے اور وہاں سے مشرق وسطی آتا جاتا رہتا ہے لیکن جس شخص کو پاکستان نے پناہ دے رکھی ہے ہم اسے کیسے واپس لا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں