لاہور (خبرنگار) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وہی قومیں ترقی اور تہذیب یافتہ کہلانے کی مستحق ہیں جہاں بچوں کے چہروں پر خوشی اور مسکراہٹ کی رمق دمق نظر آتی ہو۔ بالخصوص ایسے بچے جو پیدائشی طور پر ذہنی یا جسمانی کمزوری میں مبتلا ہوں ان پر خصوصی توجہ دینا ہم سب کی اہم ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک مقامی ہوٹل لاہور میں کلیپ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام ’’مسکرانا اور بولنا سب کا بنیادی حق ہے‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بچوں کے حوالے سے کام کرنے والے اداروں کے ساتھ حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔ گورنر پنجاب نے ادارے کے سربراہ کو یقین دلایا کہ وہ ایسے بچوں کے علاج معالجے کیلئے برطانیہ سے ہر ممکن تعاون لیا جائیگا۔ قبل ازیں پاک پتن میںدرگاہ حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کی قربانیوں کو ہم سب کو تسلیم کرنا چاہئے، ہمارے ملک کو اس و قت بہت سے بحرانو ں کا سامنا ہے، ان بحرانوں کا تقاضا ہے کہ ہم متحد اور متفق ہو کر ملک کو بحرانوں سے نکالیں۔ عدلیہ، مقننہ، انتظامیہ اور صحافت کی طرح افواج پاکستان بھی ایک اہم ادارہ ہے، اگر ہر کوئی اپنے دائرہ کار میں کام کریگا تو ہمارے ملک کے مسائل حل ہوں گے۔ درگاہ حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ پہنچنے پر سجادہ نشین دیوان احمد مسعود چشتی فاروقی نے انکا ستقبال کیا اور ان کی دستار بندی کی۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے مزار پر پھولوںکی چادر چڑھائی اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔ دربار حضرت بابا فرید الدین ؒ پر واٹر فلٹریشن پلانٹ لگانے کا اعلان کیا۔ دریں اثناء گورنرچوہدری پنجاب محمد سرور نے ساہیوال میں مسلم لیگ (ن) یو کے کے سنیئر نائب صدر چودھری عمران ادریس کی طرف سے اپنے اعزاز میںدئیے گئے استقبا لیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم مسائل پر قابو پا نے کی صلاحیت رکھتی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب توانائی کے بحران اور امن وامان کی خراب صورتحال جیسے مسائل حل ہونگے۔ صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر ملک ندیم کامران اور مسلم لیگ یو کے کے صدر زبیر گل کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔