نواں کوٹ: محنت کش بچے کو زیادتی کے بعد قتل کرکے خودکشی کا ڈرامہ رچا دیا

لاہور+ فیروزوالا (نامہ نگاران) نواں کوٹ کے علاقہ میں سفاک ملزمان نے مبینہ طور پر 12 سالہ محنت کش بچے کو زیادتی کے بعد گلا دبا کے قتل کر دیا اور خودکشی کا ڈرامہ رچا دیا۔ پولیس نے بچے کی نعش پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانہ بھجوا کر تفتیش شروع کر دی۔ فیروزولا میں لڑکی، فیصل آباد میں 3 خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے مقامی رہائشی 12 سالہ اسد نامی لڑکا نواں کوٹ کے علاقہ میں ملک وحید کی دکان اور گھر میں بطور ملازم کام کرتا تھا، مقتول کے ورثاء کے مطابق گزشتہ روز ہمیں ملک وحید کا فون آیا تمہارے بیٹے نے گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کر لی ہے۔ ہمارے آنے پر پولیس نے میت پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانہ میں جمع کروا دی تھی۔ پولیس کا بھی کہنا تھا اس نے خودکشی کی ہے۔ ورثاء کا کہنا تھا ملزمان نے بچے کو زیادتی کے بعد گلا دبا کر قتل کر دیا ہے جس پر مقتول کے اہل خانہ او علاقہ کے لوگوں نے پولیس کیخلاف شدید احتجاج کیا اور اعلیٰ حکام سے قتل اور بدفعلی کی دفعات کے ساتھ مقدمہ درج کرنے اور ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی اپیل کی۔ پولیس کے مطابق مختلف پہلوئوں پر تفتیش جاری ہے۔ اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد واضح ہونگے جس کے بعد تفتیش کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔ فیروزوالا میں قصبہ مبارک آباد (مریدکے) میں اوباش نوجوان نے محنت کش اہللہ دتہ کی جواں سالہ بیٹی (ض) کو زبردستی پکڑ کر اسکے ساتھ زیادتی کی اور فرار ہو گیا۔ اس سلسلے میں متاثرہ لڑکی کی رپورٹ پر مریدکے پولیس نے ملزم رئوف نامی کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ متاثرہ لڑکی کے باپ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ملزم کو فوراً گرفتار کر کے اسے سخت سزا دی جائے۔ واضح رہے کہ مغویہ (ض) ایک ادارہ میں کام کرتی تھی اس دوران ملزم رئوف مسیح نے اسے بہانے سے اغواء کرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنایا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مختلف واقعات میں 3 شادی شدہ خواتین کو گھر سے اغواء کے بعد مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ تھانہ ٹھیکری والا کے علاقہ چک ج ب کے طاہر کی اہلیہ (گ) کو ملزمان ادریس وغیرہ 5 افراد، کھرڑیانوالہ کے علاقہ چک 286 ر۔ ب کے بشریٰ بی بی کی شادی شدہ بیٹی (س) کو ملزمان اعجاز علی وغیرہ، چک جھمرہ کے علاقہ چک 188 ر۔ ب کے سعید احمد کی شادی شدہ بیٹی (س) کو ملزمان مجاہد حسین وغیرہ نے گھر سے اغواء کے بعد مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔

ای پیپر دی نیشن