گھریلو ناچاقی پر نوجوان لڑکی سمیت 4 افراد نے زندگی کا خاتمہ کرلیا

لاہور (نامہ نگاران) گھریلو ناچاقی اور حالات سے دلبرداشتہ ہو کر مختلف شہروں میں نوجوان لڑکی سمیت 4 افراد نے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق چونیاں کے نواحی علاقے کاندھووالا میں مبینہ گھریلو ناچاقی پر نور احمد اعوان نے گلے میں پھندا لیکر خودکشی کرلی۔ نور احمد کا اپنے اہل خانہ سے اکثر جھگڑا رہتا تھا۔ گزشتہ روز اس نے مکان کی بالائی منزل پر گلے میں پھندا لیکر خودکشی کرلی۔ سادھوکے سے نامہ نگار کے مطابق گھریلو ناچاقی سے دلبرداشتہ حساس ادارے کے اہلکار نے زہریلی گولیاں نگل کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ فورٹ عباس رینجر میں ملازم 42سالہ محمد الیاس اپنے گائوں بھروکی ورکاں آیا ہوا تھا اور گذشتہ روز مبینہ طور پر اپنے والدین سے جائیداد کا تقاضہ کر رہا تھا‘ شدید تقاضہ اور بیوی کے اپنے ساتھ نہ جانے سے دلبرداشتہ ہو کر اس نے زہریلی گولیاں نگل لیں جسے بعدازاں تشویشناک حالت کے پیش نظر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے گوجرانوالہ ریفر کر دیا گیا جہاں پر وہ دم توڑ گیا۔ متوفی کا ایک بیٹا اور چار بیٹیاں بتائی جاتی ہیں۔چناب نگر کے محلہ فیکٹری ایریا کے 21 سالہ عثمان والد سے جھگڑے کے بعد کنپٹی پر گولی مار کر خودکشی کر لی۔ سیالکوٹ خادم علی روڈ کی 22 سالہ  نورین بی بی نے گھریلو حالات سے تنگ آ کر زہریلی گولیاں کھا لیں جسے تشویشنا ک حالت میں علامہ اقبال میموریل سول ہسپتال لایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکی۔

ای پیپر دی نیشن