لاہور (خبرنگار) چین کے سفیر سان ویڈانگ نے وزیر اعلی محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران پاک چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے محمد شہباز شریف کے مثبت کردار اور خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے حالیہ برسوں میں پاک چین دوستی کو مستحکم بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور اس ضمن میں ان کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ چین کی قیادت بھی شہباز شریف کی محنت اور عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ چینی سفیر نے وزیر اعلیٰ کو شیر کے کرسٹل ماڈل کا سوونیئر تحفے کے طور پر پیش کرتے ہوئے پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی کاوشوںکو خراج تحسین پیش کیا اورکہا کہ سوونیئر کی طرح پاکستان اقتصادی ترقی کے شعبے میں ایشین ٹائیگر بنے گا۔ انہوں نے اس مو قع پر وزیراعلیٰ سے کہاکہ وہ اس ماڈل کو اپنے آفس ٹیبل پر سجائیں جو انہیں پاک چین دوستی کی یا د دلاتا رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے گرمجوشی سے مصافحہ سے کرتے ہوئے چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔