لاہور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا، 5 گھروں میں 45 لاکھ مالیت کی نقدی، زیورات لوٹ لئے گئے، جبکہ نشتر کالونی میں بارات لوٹنے کے دوران باراتیوں کو تشدد کا نشانہ بھی بناڈالا۔ تفصیلات کے مطابق نشتر کالونی کے علاقہ میں روہی نالہ کے قریب باراتیوں سے بھری بس جارہی تھی کہ ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر بس کو روک لیا اور بس میں سوار خواتین اور مرد باراتیوں کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بناکر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی، کلائی گھڑیاں، موبائل فون لوٹ لئے۔ اس دوران ڈاکوئوں نے بعض باراتیوں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا اور فرار ہوگئے۔ ڈاکوئوں نے سبزہ زار کے علاقہ میں محسن بٹ کے گھر میں گھس کر اہل خانہ کو یرغمال بناکر 12 لاکھ، لیاقت آباد میں فریاد کے گھر گھس کر 10 لاکھ، جوہر ٹائون میں شکیل کے گھر گھس کر8 لاکھ، اسلام پورہ میں شفاعت کے گھر گھس کر 8 لاکھ، ٹائون شپ میں ذاکر کے گھر میں گھس کر 7 لاکھ کی نقدی ، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے نواب ٹائون میں ارشد اور اسکی فیملی سے 9 لاکھ، کاہنہ میں مقبول اور اسکی فیملی سے 7 لاکھ، مانگا منڈی میں شہزاد اور اس کی بیوی سے 5 لاکھ، شاہدرہ میں شمشاد اور اسکی بیوی سے 5 لاکھ، ہنجروال میں عزیز اور اسکی بیوی سے 4 لاکھ کی نقدی، طلائی زیورات او رموبائل فون لوٹ لئے۔ ڈاکوئوں نے باغبانپورہ میں پیا نامی شخص سے 10 لاکھ اور موبائل فون، اقبال ٹائون میں شرافت سے 2 لاکھ اور موبائل فون، نشتر کالونی میں ضمیر سے ڈیڑھ لاکھ اور موبائل فون، اسلام پورہ میں جاوید سے ایک لاکھ اور موبائل فون، گلشن راوی میں شبیر سے لیپ ٹاپ اور 50 ہزار، کاہنہ میں اسلم سے 40 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے اقبال ٹائون سے کاشف، اچھرہ سے آصف، گلبرگ سے شریف، گجر پورہ سے نوشاد کی کاریں جبکہ اچھرہ سے نواز، اقبال ٹائون سے اظہر، مزنگ سے نوریز، مسلم ٹائون سے حفیظ، قلعہ گجر سنگھ سے عمران، شادباغ سے مظفر، شفیق آباد سے الطاف، گارڈن ٹائون سے نذیر، لوئر مال سے ماجد کی موٹر سائیکلیں چوری کرلیں۔