لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی سلیکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس کل لاہور میں منعقد ہو گا۔ اجلاس میں مستقبل میں ہونے والی سیریز اور کھلاڑیوں کی غیر ملکی لیگ میں شرکت کے حوالے سے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی کے تمام ارکان کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ پیر کی شام تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اکٹھے ہو جائیں تاکہ منگل کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے جا سکیں۔ سلیکشن کمیٹی کے چیف معین خان نے پچھلے ڈومیسٹک سیزن میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تمام ریجنز کے کھلاڑیوں کی فہرست بھی مانگ لی ہے جس کی روشنی میں 6 مئی سے 6 جون تک لگنے والے فزیکل فٹنس اور ٹریننگ کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دی جا سکے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 مئی سے شروع ہونے والے کیمپ میں 30 سے 35 کھلاڑیوں کو بلایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں کیریبین لیگ میں شرکت کرنے والے سات قومی کرکٹرز کا معاملہ بھی زیرغور لایا جائے گا کہ آیا ان کھلاڑیوں کو اجازت دی جائے یا نہ۔ دوسری جانب پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کے درمیان جولائی اگست میں متوقع سیریز کی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔ سری لنکا کے خلاف سیریز میں جن کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں کی جائیں گی۔ انہیں کیریبین لیگ کھیلنے کی اجازت دینے کے بارے میں غور کیا جائے گا۔ سلیکشن کمیٹی نے ایک ماہ کے فزیکل اینڈ فٹنس کیمپ میں تمام سینئر کھلاڑیوں کو بھی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔ سلیکشن کمیٹی نے 2015ء کے عالمی کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔