ٹورنٹو (ثناء نیوز) دوسروں کے ساتھ ایثار اور احسان کا برتاو اہل اسلام کی پہچان رہا ہے۔ اس کے مختلف اظہار آج بھی مسلم دنیا میں سامنے آتے رہتے ہیں۔ لیکن کینیڈا میں دوران سفر ایک مسلمان مسافر نے جوتوں سے محروم شخص کو جس طرح اپنے جوتے پیش کئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں ایک بس میں مفلوک الحال شخص نے جوتوں کی جگہ اپنے پاؤں کو بالوں سے بنی ایک جالی میں لپیٹ رکھا تھا۔ اسی بس میں ایک باریش مسلمان شخص بھی سفر کر رہا تھا۔ اپنی منزل پر پہنچ کر بس سے اترنے سے پہلے باریش مسلمان نے اپنا جوتے اتار کر اس مفلوک الحال شخص کو پیش کر دیئے اور کہا کہ ’’میں نے قریب ہی جانا ہے، آپ یہ پہن لیں۔ ’’بس کے ایک آف ڈیوٹی ڈرائیور سرجیت سنگھ ورک نے یہ منظر اپنے کیمرے میں محفوظ کر لیا۔ ڈرائیور سرجیت سنگھ ورک کا کہنا ہے باریش مسلمان نے اپنے جوتے کے ساتھ اپنی جرابیں بھی اس شخص کو بن مانگے پیش کیں اور اتنی جلدی بس سے اتر گیا کہ جوتا وصول کرنے والے شخص کو شکریہ ادا کرنے کا بھی موقع نہ دیا۔ دوسرے مسافر یہ منظر دیکھ کر حیرت زدہ ہو گئے کیونکہ وہ تو اس مفلوک الحال شخص کے ساتھ بیٹھنے کو بھی تیار نہ تھے۔