ملتان (آئی این پی) ملتان میں کمسن لڑکے نے نجی سکول کے قریب بم رکھنے کی اطلاع دیکر پولیس اور سکیورٹی اداروں کی دوڑیں لگوا دیں۔ لڑکے کوحراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہاں 11سالہ بچے نے چیک پوسٹ پر جا کر انکشاف کیا اس نے چونگی نمبر 9 پر واقع نجی سکول کے قریب بم رکھا ہے جس پر بچے کو حراست میں لے کر پولیس اور سکیورٹی اداروں کو اطلاع دی گئی اس موقع پر پولیس اور سکیورٹی اداروں نے بچے کی نشاندہی پر چونگی نمبر9 پر نجی سکول کے چاروں اطراف سرچ آپریشن کیا لیکن وہاں سے کچھ برآمد نہ ہوا جس پر علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔ ساہیوال کے علاقے اقبال نگر کے حسنین نامی لڑکے نے پولیس اور سکیورٹی اداروں کو تفتیش کے دوران بتایا اسے پانچ افراد چیچہ وطنی سے اغوا کر کے لائے اور اسے سکول کے قریب بم رکھنے کا کہا جس پر اس نے بم رکھ دیا لیکن بم نامعلوم افراد اٹھا کر لے گئے۔ بچے کے مطابق وہ کمالیہ میں زیر تعلیم ہے۔
ملتان: کمسن لڑکے کی طرف سے نجی سکول کے قریب بم رکھنے کی اطلاع پر پولیس کی دوڑیں، تلاشی پر کچھ نہ ملا
Apr 28, 2015