لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے گندے پانی سے برف بنانے والے کارخانوں پر فوڈ اتھارٹی کی طرف سے چھاپے مارنے کے خلاف دائر رٹ درخواست خارج کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ بادی النظر میں فوڈ اتھارٹی کی طرف سے کارخانوں کی مانیٹرنگ قانونی ہے۔ جوہڑ کے پانی سے برف بناکر شہریوں کو بیمار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، گندے پانی سے تیار ہونے والی برف سے ہیپاٹائٹس کا مرض پھیل رہا ہے۔ فوڈ اتھارٹی کسی کارخانے کے کاروبار میں مداخلت نہیں کر رہی بلکہ صاف پانی سے برف بنانے پر زور دے رہی ہے۔ چار کارخانوں کی طرف سے دائر درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا تھا کہ برف کو فوڈ آئٹم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اب ان کو مانیٹرنگ کے نام پر ہراساں کیا جا رہا ہے اور کاروبار کرنے کے آئینی حق میں مداخلت کی جا رہی ہے۔ فاضل عدالت نے استفسار کیا کہ ایسی دستاویزات پیش کریں جس سے فوڈ اتھارٹی کا ہراساں کرنا ثابت ہو۔ فاضل عدالت نے درخواست خارج کر دی۔