کراچی(کامرس رپورٹر) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کی بہترین اقتصادی پالیسی کے سبب غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب ہورہی ہیں، ملک میں دھرنا کلچر ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنا، یاماہا کمپنی پاکستان میں اپنے پلانٹ بند کرچکی تھی موجودہ حکومت کی کوششوں کی وجہ سے انہوں نے دوبارہ پاکستان میں اپنے کا م کا آغاز کیا۔ کمپنی پاکستان میں 150ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی جس سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ وہ گزشتہ روز موٹر سائیکل کے نئے پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جاپان کے سفیر ہیروشی اولاتی اور دیگر بھی موجود تھے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کی سنجیدہ کوششوں کی وجہ سے پاکستان تیزی سے دہشت گردی، توانائی اور دیگر مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہورہا ہے۔ پاکستان اور جاپان کے مابین زراعت اور دیگر شعبوں میں باہمی تجارت کے بہت سے مواقع موجود ہیں، میں وزیر اعظم کی جانب سے جاپانی کمپنیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان آکر سرمایہ کاری کریں۔
دھرنا کلچر ترقی میں رکاوٹ بنا: اسحاق ڈار، جاپانی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت
Apr 28, 2015