گوجرانوالہ + فیصل آباد + حیدر آباد تھل (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) مختلف وجوہات پر کانسٹیبل، خاتون سمیت 4 افراد نے زندگی ختم کر لی۔ تفصیلات کے مطابق راہوالی میں گھریلو حالات سے پریشان پولیس کانسٹیبل نے ٹرین کی پٹڑی پر سر رکھ کر زندگی ختم کر لی۔ تلونڈی موسی خان کا امیر نواز پولیس لائن میں ڈیوٹی سرانجام دیتا تھا جو کئی روز سے پریشان تھا جس نے راہوالی میں ریلوے پٹڑی پر سر رکھ کر زندگی ختم کر لی۔ فیصل آباد میں تھانہ ترکھانی کے علاقہ چک نمبر 42 گ ب کے 55 سالہ ذہنی مریض معراج دین نے گلے میں پھندا لے کر موت کو گلے لگا لیا۔ حیدرآباد تھل میں 3 بچوں کی ماں نے پھندا لے لیا۔ چارسدہ سے صباح نیوز کے مطابق بہن کی شادی میں مدعو نہ کرنے پر سگے بھائی نے بہن کی ڈولی اٹھنے پر خودکشی کر لی۔ کوچکے جیندے تنگی میں جمعہ گل کی بہن کی شادی اس کے سالے اشرف سے طے ہو چکی تھی اور بارات لے جانے کی تیاری جاری تھی اس نے خودکو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔