واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) امریکی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کیلئے سی آئی اے کو ڈرون حملوں کی کھلی چھوٹ دی گئی۔ امریکی صدر اوباما کی ہدایت تھی کہ دیگر ممالک میں عام حملوں میں شہری نہ مارے جائیں۔ تاہم سی آئی اے کو خفیہ طور پر یہ اجازت تھی کہ پاکستان میں جس پر شبہ ہو اس پر حملہ کردیا جائے۔ ڈرون حملوں میں امریکی اور اطالوی مغوی کارکن سی آئی اے کو ملی اسی کھلی چھوٹ کے باعث ہلاک ہوئے۔ سی آئی اے کو چھوٹ نہ ہوتی تو حملے سے پہلے مزید معلومات جمع کی جاتیں۔ دیگر ملکوں کی ڈرون پالیسی سخت اور پاکستان کیلئے نرم پالیسی 2013ءمیں منظور کی گئی تھی۔ وال سٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی ڈرون قوانین دنیا کیلئے کچھ اور پاکستان کیلئے کچھ اور ہیں۔ اخبار نے امریکی عہدیداروں کے حوالے سے بتایا کہ اوباما نے خفیہ طور پر پاکستان میں سی آئی اے کیلئے ڈرون حملوں کے حوالے سے لچک کی منظوری دی تھی۔ اخبار کے مطابق القاعدہ کے ٹھکانے پر حملے میں امریکی مغوی وائن سٹائن اور اطالوی لوپورٹو کی ہلاکت کے بعد سی آئی اے کو دی جانیوالی کھلی چھوٹ پر نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے۔
وال سٹریٹ جرنل
”پاکستان میں جس پر شبہ ہو ڈرون حملہ کر دیں“ ....اوبامہ نے سی آئی اے کو کھلی چھٹی دی
Apr 28, 2015