امن کا قیام اور پہلے جیسی رونق چاہتے ہیں: اہالیان لیاری

Apr 28, 2015

کراچی (سالک مجید) سابق صدر آصف علی زرداری کے جلسہ عام کے بعد لیاری کیا سوچ رہا ہے۔ لیاری کے عوام حکومت سندھ اور پیپلز پارٹی کی قیادت کیا چاہتے ہیں ان کی توقعات کیا ہیں حوالے سے لیاری کے باشندوں نے نوائے وقت کو بتایا کہ لیاری کے لوگ اپنے علاقے میں امن کا قیام چاہتے ہیں ایک ایسا لیاری جہاں بندوقوں کی گھن گرج سنائی نہ دے‘ جہاں گولیوں کی تڑاتڑ نیندیں حرام نہ کرے‘ جہاں منشیات کی کھلے عام فروخت  و فراہمی بند ہو اور ایسا لیاری جس کے نوجوان پہلے کی طرح کھیل کود کے میدان میں آزادانہ طریقے سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں اور ایسا  لیاری جہاں ملک کے طول و عرض سے ہر زبان بولنے والے افراد بلا خوف و خطر آجاسکیں اور یہاں کے رستورانوں اور ہوٹلوں پر پہلے جیسی رونق اور چہل پہل ہو۔ لیاری کے باشندوں نے نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے جس طرح لیاری کے عوام کو خلیجی ملکوں میں بھیجا۔ روزگار کے دروازے لیاری کے ان پڑھ مگر محنتی اور پُرجوش نوجوانوں پر کھولے ہیں۔ اس طرح آج بھی حکومت کو چاہئے کہ لیاری کے عوام کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے۔ بے روزگاری بڑا سنگین مسئلہ ہے۔ نوکری نہیں ملتی تو منشیات فروش اور گینگ وار والے نوجوانوں کو تھوڑی سی رقم کا لالچ دے کر اپنی جانب کھینچتے ہیں اور پورا علاقہ جرائم پیشہ لوگوں کے چنگل میں چلا جاتاہے اب جبکہ رینجرز نے بھرپور  آپریشن کرکے لیاری میں خوف کی فضا ختم کرنے میں تاریخی کردار ادا کیا ہے تو حکمرانو ں اور بالخصوص سیاسی قوتوں کی ذمہ داری ہے کہ لیاری میں پرامن سیاسی جمہوری ماحول کو پروان چڑھائیں اور لیاری کی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے مسائل سے لیکر بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لئے اقدامات کریں۔

مزیدخبریں