لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں ہونے والے چار ملکی ہاکی سیریز میں شرکت کے لئے پاکستان ٹیم کا تربیتی کیمپ گذشتہ روز لاہور میں ختم ہو گیا۔ قومی کھلاڑی ایم عمران کی قیادت میں آج لاہور سے کراچی روانہ ہوگئی جہاں سے بدھ کی صبح براستہ دبئی آسٹریلیا روانہ ہوگی۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قومی کھلاڑیوں نے 2 سے 10 مئی تک منعقد ہونے والی چار ملکی سیریز کے لئے بھرپور تیاری کی ہے، قوم سے دعا کی اپیل ہے کہ وہ قومی ٹیم کی کامیابی کے لئے دعا کرے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کہ وہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا آڈٹ ضرور کرئے لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ قومی کھیل جو گذشتہ ایک ڈیڑھ سال سے مالی مسائل کا شکار ہے اسے حل کیا جائے۔ اگر حکومت موجودہ عہدیداران کو کوئی فنڈز دیتی ہے تو اس کے لئے تین رکنی کمیٹی بھی بنا دے۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ کھیل کے مختلف شعبوں پر کام کیا گیا ہے۔ ڈیفنس لائن کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو اٹیکنگ ہاکی کے متعلق بتایا گیا ہے۔ اسلام آباد کے تربیتی کیمپ میں 11 کھلاڑی زخمی ہو گئے تھے لیکن اب وہ مکمل فٹ ہیں۔ ہمارے دو سینئر کھلاڑی ہالینڈ میں لیگ ہاکی کھیلنے میں مصروف ہیں جن کی آسٹریلیا کے دورہ پر خدمات حاصل نہیں ہونگی ان کی جگہ دو نئے کھلاڑیوں رضوان علی اور فیصل قادر کو شامل کیا گیا ہے۔