راولپنڈی+لاہور (آن لائن+خصوصی رپورٹر+ آئی این پی) تحریک انصاف کے راہنما علیم خان نے الیکشن کمشن کو جمع کرائے گئے جھوٹے حلف ناموںکا تحریری جواب الیکشن کمشن میں جمع کروا دیا جس کے مطابق علیم خان نے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی درخواست کو جھٹلاتے ہوئے الیکشن کمشن سے درخواست کی ہے کہ اس درخواست کو مسترد کیا جائے ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمشن میں درخواست پیش کی تھی کہ علیم خان نے الیکشن کمشن کو جھوٹے حلف نامے جمع کرائے ہیں۔ جس کا جواب علیم خان نے گزشتہ روز الیکشن کمشن میں جمع کروا دیا ہے جواب میں علیم خان نے کہا ہے کہ ایاز صادق کی درخواست سراسر جھوٹ پر مبنی ہے اور اس درخواست میں ایسی کوئی چیز نہیں جس کی سماعت کی جائے بلکہ یہ درخواست ہے ہی ناقابل سماعت اور ان کی اس درخواست کو مسترد کیا جائے ۔ انہوں نے جواب میں مزید کہا کہ ٹریبونل یا الیکشن کمشن نے حلف نامے جمع کروانے والوں کو نہیں سنا اور 180 لوگوں کے حلف نامے بغیر تحقیق کئے ہی ان کو جھوٹا قرار دے دیا گیا ہے جبکہ علیم خان کے وکیل نے الیکشن کمشن کو بتایا کہ یہ حلف نامے علیم خان نے خود جمع نہیں کروائے بلکہ ووٹرز نے انفرادی طور پر جمع کروائے ہیں۔قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ الیکشن کمشن عبدالعلیم خان کے معاملے میں اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ الیکشن کمشن فیصلہ کرے کہ عبدالعلیم خان کے بیان حلفی اصلی تھے یا جعلی تھے۔ علامہ اقبال روڈ پر تاجروں کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ایاز صادق نے مزید کہا کہ عبدالعلیم خان کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے الیکشن کمشن فراڈ اور جعلی حلف نامے جمع کرانے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔ آئی این پی کے مطاب سردار ایاز صادق نے کہا کہ جھوٹے بیان حلفی جمع کرانے والے اب راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن انہیں اس کا موقع نہیں دیں گے ‘عمران خان اور انکے ساتھیوں کی سیاست صرف اور صرف جھوٹ پر مبنی ہے‘ ان جھوٹوں کے ٹولے کو ہر گز راہ فرار اختیار نہیں کردوں گا‘ الیکشن کمشن بھی انہیں رائے فرار اختیار نہ کرنے دے اور انکے خلاف سخت ایکشن لیا جائے‘ اگر میں نے کچھ غلط کیا ہے تو مجھ سے بھی پوچھ گچھ کی جائے‘ میرا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمشن جھوٹ کو جھوٹ کہے اور تہمت لگانے والوں کو بے نقاب کرے۔
علیم خان نے جھوٹے حلف ناموںکا تحریری جواب الیکشن کمشن میں جمع کرا دیا
Apr 28, 2016