راولپنڈی (نیوز رپورٹر) بزرگ کشمیری رہنما اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے بانی امان اللہ خان کو آج ان کی وصیت کے مطابق گلگت میں سپرد خاک کیا جائیگا۔ اس سے قبل انکی نماز جنازہ گلگت میں سہ پہر تین بجے ادا کی جائیگی۔ ان کی نماز جنازہ بدھ کو لیاقت باغ راولپنڈی میں ادا کرنے کے بعد انکی میت سڑک کے راستے گلگت کیلئے روانہ کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں کشمیری و پاکستانی باشندوں کے علاوہ کشمیری لیڈروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان کے علاوہ لبریشن فرنٹ کی قیادت اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی میت کے ہمراہ گلگت کیلئے روانہ ہوئے۔ بدھ کو لیاقت باغ میں امان اللہ خان کی نماز جنازہ لبریشن فرنٹ کے سینئر رہنما حافظ انور سماوی نے پڑھائی جس میں صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان، سابق وزیراعظم و صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی، متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری شاہ غلام قادر، جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ خالد ابراہیم، حریت رہنمائوں غلام محمد صفی، غلام نبی نوشہری، جسٹس (ر) عبدالمجید ملک، عبدالحمید بٹ، رئوف کشمیری اور این ایس ایف کے صدر اسد حسین سمیت دیگر نے شرکت کی۔