تحریک انصاف کے زیادہ رہنما گلبرگ سے مال روڈ تک ریلی نکالنے کے حق میں

Apr 28, 2016

لاہور (فرخ سعید خواجہ) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی اکثریت حکومت کی مخالفت میں مال روڈ پر جلسہ کی بجائے گلبرگ سے مال روڈ تک ریلی نکالنے کے حق میں ہے۔ پارٹی کے چیئرمین عمران خان نے مال روڈ پر جلسہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ جلسے کے انتظامات کیلئے عبدالعلیم خان کو چیف آرگنائزر مقرر کیا گیا تھا تاہم پارٹی کے دیگر رہنما جن میں چودھری محمد سرور، اعجاز چودھری اور ولید اقبال شامل ہیں، انکی رائے ہے کہ حکومت کے خلاف جلسے کی بجائے کراچی طرز کی ریلی نکالی جائے، اس طرح عمران خان کی قیادت میں نکلنے والی ریلی کو اچھی میڈیا کوریج ملنے کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو اس میں شریک ہونے کا زیادہ موقع ملے گا۔ عبدالعلیم خان کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس میں عبدالعلیم خان نے ساتھی رہنماؤں کی آراء سن کر فیصلہ سنایا کہ جلسے یا ریلی کا فیصلہ عمران خان کریں گے ہم انہیں تجویز دیدیتے ہیں۔ اس رائے سے اجلاس میں شریک تمام رہنماؤں نے اتفاق کیا ا ور یہ طے کیا گیا کہ سفارشات عمران خان کو اگلے 24 گھنٹوں میں پیش کر دی جائیں گی۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق تحریک انصاف کو لاہور میں مال روڈ پر ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پی ٹی آئی مال روڈ کی بجائے قذافی سٹیڈیم یا فٹبال گرائونڈ میں ریلی نکالے، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے پی ٹی آئی کی انتظامیہ کو خط لکھ دیا ہے کہ سکیورٹی کی خدشات کے پیش نظر مال روڈ پر تحریک انصاف یا کسی بھی سیاسی جماعت کو جلسہ یا ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

مزیدخبریں