حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد کے نواحی گائوں بکن خورد میں مبینہ طور پر بلدیاتی انتخابات میںووٹ نہ دینے پربااثر چوہدریوں نے ڈاکٹر کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے اسکی ٹانگیں توڑ ڈالیں۔ پولیس کے تعاقب پر ملزمان گاڑی اور زخمی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے۔پولیس نے سات ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ اثر ورسوخ کی وجہ سے کوئی بھی ملزم گرفتار نہ ہوسکا۔ نواحی گائوں بکن خورد کا رہائشی ایم۔بی۔ بی۔ ایس ڈاکٹر ظفراقبال میوہسپتال لاہور میں بطور میڈیکل افسرتعینات ہے۔ اس نے اپنے علاقہ کے بااثر چوہدریوں کو مبینہ طور پر بلدیاتی انتخابات میں ووٹ نہ دیئے جس پر چوہدری اس کے دشمن بن گئے۔ ڈاکٹرظفراقبال ولد شاہ محمد اپنے عزیزوں کی شادی میںشرکت کے لئے گائوں آیا ہواتھا جب وہ شادی کی تقریب سے فارغ ہوکر گھر جارہا تھا راستہ میںسات ملزمان عرفان،عاطف شہزاد، سہیل منظور، حسنین عباس ، ناصر، سیف وغیرہ جو گھات لگاکر بیٹھے تھے نے ڈاکٹر ظفرکی کارکو روکا اور ڈاکٹرکو باہر آنے کو کہا ڈاکٹر نے گاڑی لاک کرلی تو ملزموں نے گاڑی کے شیشے توڑ کر اس کوباہر نکالا اوراغوا کرکے طارق نواز کے ڈیرہ پر لے گئے وہاں تشددکرکے ڈاکٹر کی دونوں ٹانگیں توڑدیں جس سے ڈاکٹر نیم مردہ ہوگیا تو ملزم مردہ سمجھ کر اس کو ٹھکانے لگانے کیلئے گاڑی نمبری LEB3871 میں ڈال کرلے جارہے تھے اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی تو ملزم مضروب کو گاڑی سمیت چھوڑ کر فرارہوگئے۔ ڈاکٹر ظفرکو تشویش ناک حالت میں لاہور ریفر کردیاگیا ہے۔ پولیس نے سات ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے دو ملزم گرفتار کر لئے جبکہ دیگر کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔