اسامہ بن لادن کو پاکستان نے 2006ء میں گرفتار کر لیا تھا: سیمورہرش

واشنگٹن (آن لائن) امریکہ کے مشہور تحقیقاتی صحافی سیمور ہرش نے ایک بار پھر کہا ہے کہ سابق القاعدہ سربراہ اسامہ بن لادن تک پہنچنے میں پاکستان نے امریکہ کی مدد کی تھی۔ پولٹزر پرائز جیتنے والے سیمور ہرش نے یہ دعویٰ پہلی بار ایک سال قبل اپنے ایک مضمون میں کیا تھا، جس نے امریکہ کو ہلا کر رکھ دیاَ وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس دعوے کو جھوٹا قرار دیا گیا، جبکہ امریکہ کے بڑے میڈیا اداروں نے بھی اسے غلط بیانی پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ لیکن سیمور ہرش نے رواں ہفتے شائع ہونے والی اپنی نئی کتاب ’دی کلنگ آف اسامہ بن لادن‘ (اسامہ بن لادن کی ہلاکت) میں ایک بار پھر اپنے اس دعوے کو دہراتے ہوئے زور دیا ہے ان کی بات ٹھیک تھی۔ اپنے ایک انٹرویو میں سیمور ہرش نے کہا کہ گزشتہ سال جب انہوں نے اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد کے ایک کمپاؤنڈ میں موجودگی اور ہلاکت کے حوالے سے نئے شواہد دیکھے تو ان کے دعوے کو مزید تقویت ملی۔انہوں نے اپنے اس دعوے پر ڈٹے رہنے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اسامہ بن لادن کو 2006 میں حراست میں لیا اور سعودی عرب کی مدد سے کئی برسوں تک قید رکھا، جس کے بعد پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک معاہدہ ہوا کہ امریکہ اسامہ کے کمپاؤنڈ میں کارروائی کرے گا لیکن بظاہر ایسا دکھایا جائے گا کہ پاکستان اس کارروائی سے بے خبر رہا۔انہوں نے کہا کہ مجھے اب اس تمام معاملے کے حوالے سے پہلے سے زیادہ معلومات ہیں۔سیمور ہرش کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی وجہ سے پاکستان مسلسل الرٹ ہے، اس کے راڈار ہر طرح کی حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ اس کے ایف 16 طیارے بھی کسی بھی طرح کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں، ایسے میں امریکی ہیلی کاپٹروں کے لیے یہ ممکن ہی نہیں تھا کہ وہ پاکستان کو الرٹ جاری کیے بغیر ایبٹ آباد میں داخل ہوں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکیوں سے یہ معاہدہ اْس وقت کے آرمی چیف اور آئی ایس آئی سربراہ نے کیا، جس نے دیگر پاکستانی جرنیلوں کو پریشان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے اْس وقت کے پاکستان کے ایئر ڈیفنس کمانڈ کے سربراہ بہت پریشان اور برہم ہوئے، وہ عوام کے سامنے جانا چاہتے تھے، لیکن انہیں خاموش رہنے کی تلافی کے طور پر ریٹائرمنٹ کے بعد پی آئی اے کا چیئرمین بنا دیا گیا۔ ایک ہزار 400 سے زائد ریڈیو اور ٹی وی چینلز چلانے والے ’ڈیموکریسی ناؤ‘ کو انٹرویو کے دوران سیمور ہرش کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ نے مل کر اسامہ کے حوالے سے ’ہم نے دریافت‘ کیا کی داستان تخلیق کی۔انہوں نے کہا کہ اگست 2010 میں ایک پاکستانی کرنل امریکی سفارت خانے آئے اور پھر اْس وقت کے سی آئی اے سٹیشن چیف جوناتھن بینک سے ملاقات میں کہا کہ ’اسامہ بن لادن ہمارے پاس 4 سال سے ہے۔‘ سیمور ہرش نے بتایا کہ مذکورہ کرنل کو بعد ازاں امریکہ منتقل کردیا گیا اور آج وہ واشنگٹن کے قریب کسی علاقے میں رہائش پذیر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی انٹیلی جنس نے اسامہ بن لادن کو ہندوکش کے علاقے سے گرفتار کیا، جس کے بعد ایبٹ آباد میں ایک کمپاؤنڈ تعمیر کیا گیا جہاں اسامہ کو رکھا گیا، پاکستانی حکام نے ایسا اس لیے کیا کیونکہ سعودی عرب نے انہیں ایسا کرنے کے لیے کہا تھا، سعودی عرب یہ نہیں چاہتا تھا کہ امریکہ اسامہ سے کسی طرح کی تفتیش کرے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...