واشنگٹن (آن لائن + اے پی پی) امریکہ میں ہونے والے پرائمری انتخابات میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے پانچ ریاستیں جیت کر میدان مار لیا، ڈیموکریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن نے چار ریاستیں اپنے نام کر لیں جبکہ برنی سینڈرز ایک ریاست میں کامیاب ہوئے۔ امریکہ کی شمال مشرقی 5 ریاستوں میں ری پبلکن اور ڈیمو کریٹک پارٹی کے پرائمری انتخابات منعقد ہوئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ہلیری کلنٹن عورت نہ ہوتیں تو انہیں پانچ فیصد ووٹ بھی نہیں ملنے تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے پانچ شمال مشرقی ریاستوں میں کامیابی کے بعد خود کو اپنی جماعت کا ممکنہ صدارتی امیدوار قرار دیا ہے۔ادھر ڈیموکریٹ پارٹی کے ٹکٹ کی امیدوار ہلیری کلنٹن کو پانچ میں سے چار ریاستوں میں کامیابی ملی ہے۔ اپنی تازہ فتوحات کے بعد ہلیری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی توجہ ایک دوسرے پر مرکوز کر لی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں اپنے مداحوں سے کہا کہ وہ اگر صدر منتخب ہو جاتے ہیں تو اپنی پالیسی میں اعتدال نہیں لائیں گے۔
ٹرمپ 5‘ ہلیری 4 ریاستوں میں کامیاب ہلیری خاتون نہ ہوتیں تو 5 فی صد ووٹ نہ ملتے : ٹرمپ
Apr 28, 2016