لندن (آئی این پی)پاکستان اور برطانیہ نے ایک دوسرے سے ہر سطح پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ حکومت پاکستان کی کوششوں سے دہشت گردی میں نمایاں کمی آئی ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت خفیہ اطلاعات پر ملک بھر میں چودہ ہزار آپریشنز کئے گئے، اب دہشت گردوں کے معاونین اور سہولت کاروں سے نمٹنا اصل چیلنج ہے جو نفرت پھیلا کر معاشرے کو تقسیم کرنے کے درپے ہیں، وزیر اعظم نواز شریف نے بھارت سے تعلقات کی بہتری کیلئے بہت کوششیں کیں مگر حالیہ کچھ واقعات سے ان کوششوں کو بہت نقصان پہنچا ہے، خطے کے بہترین مفاد میں پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کی کوششیں جاری رکھے گا مگر افغانستان کی جانب سے ہر واقعے کا الزام پاکستان پر لگانے کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہیے۔ چودھری نثار نے برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر مارک لائل گرانٹ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے میں امن و استحکام اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ برطانیہ کا پاکستان سے تعاون جاری رکھنے کا عزم قابل ستائش ہے۔ حکومتی کوششوں سے 2015ء میں دہشت گردی 9 سال میں سب سے کم ہے۔ اصل چیلنج دہشت گردی کے سہولت کاروں کو جڑھ سے اکھاڑنا ہے۔